وحدت نیوز(اسلام آباد/کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے معروف شیعہ ذاکر اہل بیتؑ اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن خطیب حریت علامہ علی کرار نقوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے پوری زندگی ذکر محمدؐ و آل محمدؑ کی ترویج میں صرف کی، مرحوم کی قومی و ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا، مرحوم علامہ علی کرار نقوی ماضی کی ان شخصیات میں سے تھے کہ جنہوں نے پاکستان کی سرزمین پر اوائل میں انقلاب اسلامی اور بانی انقلاب امام خمینیؒ کے پیغام کو پھیلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے علامہ علی کرار نقوی اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی تھے، آپ آخر دم تک مسلمانوں کے درمیان اتحاد کیلئے کوشاں رہے اور اس کیلئے عملی جدوجہد کرتے رہے، مرحوم فلسطین سمیت یمن، عراق، شام، بحرین، نائیجیریا سمیت دنیا بھر کے مظلومین کیلئے آپ ایک توانا آواز تھے، علامہ علی کرار نقوی کے انتقال سے جہاں شیعہ قوم ایک بڑے ذاکر اہل بیتؑ سے محروم ہوگئی ہیں وہیں اتحاد بین المسلمین کیلئے کام کرنے والی قوتوں کو بھی شدیدصدمہ پہنچا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےمرحوم علامہ علی کرار نقوی کے خانوادہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ مرحوم کے درجات کی بلندی کے ساتھ ساتھ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی نے بھی علامہ علی کرارنقوی کی رحلت پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مکتب اہل بیتؑ ایک بلند پایہ خطیب اور عالم دین سے محروم ہوگیا ہے، اتحاد امت کیلئے مرحوم کی خدمات کو تادیر یارکھا جائے گا، ان کی جدائی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ خداوند متعال مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کےپسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔