وحدت نیوز(اسلام آباد) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس x پر جاری اپنے بیان میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کا عوام دشمن اقدام ہے۔ انتخابات میں مینڈیٹ نہ ملنے کا بدلہ عوام کی معاشی مشکلات میں اضافہ کر کے چکایا جا رہا ہے۔حکومت نے عوام کے ساتھ زیادتی کی جو مشق شروع کی تھی وہ بدترین ظلم میں تبدیل ہو چکی ہے۔
جن مسلط شدہ سیاست دانوں نے عوام کو دو سو یونٹ تک مفت بجلی دینے کا وعدہ کر کے اسے اپنے انتخابی منشور کے حصہ قرار دیا تھا آج وہی پوری ڈھٹائی کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔پاکستان کے عوام کی زندگی کو دانستہ طور پر اذیت کا شکار بنانے والے اس ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔مجلس وحدت مسلمین بجلی کی قیمتوں میں اس اضافے کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور حکومت کو متنبہ کرتی ہے کہ عوامی غیض و غصب سے بچنے کے لیے اس فیصلے کو واپس لے۔