وحدت نیوز(اسلام آباد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ایکس xپر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وطن عزیز میں امن و امان کی غیر یقینی صورتحال ،اقتصادی بدحالی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی ہے۔ دہشت گردی کے عفریت نے گزشتہ تین دہائیوں میں پاکستان کو جو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اس کا ازالہ کسی بھی طور ممکن نہیں۔
انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کی انتہائی حساس معاملات میں غیر سنجیدگی اس امر کی دلیل ہے کہ وزارت عظمی کے منصب پر ایک نااہل شخص براجمان ہے جسے اہم قومی امور پر آئیں بائیں شائیں کرنے کے سوا کچھ نہیں آتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے اپیکس کمیٹی سے بے بنیاد اور خود ساختہ گفتگو کر کے عوام میں اپنی شخصیت کو مزید داغ دار کیا ہے۔ آگ و بارود کا کھیل کھیلنے والے شدت پسندوں اور دہشت گردی کے بجائے ، عدالتوں میں اس وقت سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اس نام نہاد جمہوریت نے بدترین آمریت کو بھی شرما دیا ہے۔