وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کی جانب سے ماہ محرم الحرام کے مقدس ایام کے آغاز پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ امام مظلوم کربلا کا تعلق محض کسی مخصوص مسلک سے نہیں بلکہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کے محسن اور ہر باضمیر کے امام ہیں۔
ماہ محرم میں عزاداری مظلوم كربلاء کے ساتھ مقصد امام حسین علیہ السلام کو بھی پیش نظر رکھنا ہو گا۔امام حسین علیہ السلام نانا کے دین کو بچانے نکلے تھے۔
سید الشہداء نے اقربا و انصار کو دین پر قربان کر کے یہ درس دیا کہ جب باطل قوتیں مدمقابل ہوں تو افرادی قوت یا جنگی سازو سامان کی کمی کوئی معنی نہیں رکھتی۔
امام برحق کا یہ جملہ"مجھ جیسا اس جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا" رہتی دنیا تک امام حسین علیہ السلام کے چاہنے والوں کے لیے ایک اٹل اصول ہے۔
آج اسلام دشمن قوتوں کے خلاف جو بھی ڈٹ کر کھڑا ہو گا وہ خود کو حسینی کہنے میں حق بجانب ہو گا۔ماہ محرم الحرام میں عزاداری کے سبق کو مقدم رکھیں۔کوئی بھی مسلک کسی کی دل آزاری کا سبب نہ بنے۔
کسی کے مقدسات کو نشانہ بنانے یا مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال صریحاً غلط اور مسلم امہ کو کمزور کرنے کا باعث ہے۔مومن وہ ہے جو سخت سے سخت حالات میں بھی حکمت و بصیرت کے دامن کو ہاتھ سے نہ چھوڑے۔
فرضی ناموں سے شیئر ہونے والی توہین آمیز اور متنازع پوسٹوں کو آگے پھیلانے والے انجانے میں دشمنوں قوتوں کے سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہوتے ہیں جو اسلام دشمنی ہے۔ امام علیہ السلام کی حکمت، دانش اور بصیرت کو سمجھنا اور اس کی پیروی کرنا ہم سب پر واجب ہے۔