وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر بعداز نماز جمعہ اسلام پورہ لاہور میں مسجد صاحب الزمان کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت علامہ احمد اقبال رضوی سمیت دیگر رہنماوں نے کی۔ اس موقع پر شہریوں نے ایم ڈبلیو ایم، فلسطین اور پاکستان کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور فلسطین کے مظلوم بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران کے اندر حملہ کرکے دو بڑے جرم کئے ہیں، ایک جرم یہ کہ اس نے ایران کی خودمختاری پر حملہ کیا ہے اور دوسرا بڑا جرم اسماعیل ہانیہ کی شہید کیا ہے جو وہاں بطور مہمان ٹھہرے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ریڈ لائن عبور کی ہے، جس کی اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اسماعیل ہانیہ کو شہید کرکے اپنے موت کے پروانے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ عرب کے حکمرانوں کیلئے یہ پیغام تھا کہ اسرائیل کسی کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، لیکن اسرائیل یہ بھول گیا ہے کہ حزب اللہ کا ہدہد ڈرون اسرائیل کے اندر تک اس کی اہم تنصیبات پر پہنچ گیا تھا، اور وہ وقت دور نہیں جب اسرائیل بارود کی بارش میں رکھ ہو جائے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سلامتی اب چند روز کی مہمان ہے، اسرائیل بہت جلد دنیا کے نقشے سے نابود ہو جائے گا۔