وحدت نیوز(کوئٹہ)مجاہد اسلام شہید راہ قدس اسماعیل ہانیہ کی یاد میں خانہ فرھنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ کے زیر اہتمام تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔ تعزیتی تقریب میں سابق سینیٹرنوابزادہ لشکری رئیسانی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی ،جماعت اھل سنت کے مرکزی رہنما سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ خالد سلطان القادری، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے صوبائی صدر مولانا عبد القادر لونی، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی، بزرگ عالم دین علامہ محمد جمعہ اسدی، ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی رہنما مولانا انوار الحق حقانی ،مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمٰن ،سابق وفاقی وزیر ہمایوں عزیز کرد، میزبان آقای سید ابوالحسن میری و دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر مجاہد اسلام حماس کے بہادر رہنما جناب اسماعیل ہانیہ سے متعلق تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین کے چالیس ہزار مظلوم شہداء کا پاکیزہ خون اسرائیل کی نابودی کا سبب بنے گا۔ اپنے تین فرزندوں پوتوں نواسوں اور خاندان کے ستر افراد کی شہادت کے باوجود شہید اسماعیل ہانیہ راہ حق پر ثابت قدم رہے شہید اسماعیل ہانیہ نے صبر و استقامت کی نئی تاریخ رقم کی۔ شہید اسماعیل ہانیہ نے آگاہانہ شہادت کا انتخاب کیا۔ ان شاءاللہ عزوجل شہداء کے پاکیزہ خون کے نتیجے میں فلسطین عنقریب آزاد ہوگا۔