وحدت نیوز(اسلام آباد) کرم یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام علامتی دھرنا 17ویں روز بھی جاری رہا۔اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے جاری دھرنے سے مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمانہ جاہلیت میں چھوٹے چھوٹے مسلے پر جنگیں ہوتی تھیں۔ قتل عام شروع ہوتے تھے۔افسوس آج ہمارے ملک میں زمانہ جاہلیت کی طرح چھوٹے سے کوئی مسئلے پر لڑائی شروع ہوتی ہے جو کئی کئی دن جاری رہنے سے جنگ میں بہت سے جانیں ضایع ہوتی ہیں۔ یہ حکومت کی نااہلی ہے۔ حکومتی ناقص کارکردگی کی وجہ سے لاکھوں افراد کی جانیں خطرے میں ہیں۔مجلس وحدت مسلمین مطالبہ کرتی ہے کہ پاراچنار میں زمینوں کے تنازعات کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اور روڈ کو محفوظ بنایا جائے۔
دھرنے سے علامہ سید تجمل حسین الحسینی نے کہا ہم ضلع کرم میں امن وامان کے لئے طرفین کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ضلع کرم کے اہلسنت اور اہل تشیع آپس میں بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں۔ کرم یکجہتی کمیٹی کے ترجمان سر شبیر ساجدی نے امن وامان کے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پر انتہائی افسوس اظہار کیا ہے اور ارباب اختیار سے اس مسلے کو سنجیدہ لیتے ہوئے فوری حل پر زور دیا۔