وحدت نیوز(کوئٹہ) ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے زیر اہتمام غزہ فلسطین اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے عظیم الشان یکجہتی غزہ و فلسطین کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس کے موقع پہ شہدائے آزادی فلسطین حماس حزب اللہ کے شہداء اور عالم اسلام کے قابل فخر ہیروز شہید علامہ سید حسن نصراللہ اور شہید اسماعیل ہانیہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانفرنس سے ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالحق ہاشمی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی علامہ سید ہاشم موسوی علامہ سہیل اکبر شیرازی اراکین صوبائی اسمبلی انجینئر عبدالمجید بادینی اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن صوبائی مشیر ماحولیات نسیم الرحمن ملازئی پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما صابر بلوچ اور سردار سر بلند خان جوگیزئی مرکزی مسلم لیگ کے صوبائی صدر مولانا حافظ محمد امجد اور محمد ادریس مغل جماعت اہل حدیث بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا سید عتیق الرحمن جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا عقیل انجم اور مولانا سید مومن شاہ جیلانی و دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حماس نے اللہ تعالی پر توکل کر کے اسرائیل اور امریکہ کا مقابلہ کیا۔ پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ حماس اور حزب اللہ کا ساتھ دیں۔ دشمن کی طاقت سے بے خوف ہو کر حماس اور حزب اللہ کے جوان عالمی دہشت گرد امریکہ اور اسرائیل کا مسلسل مقابلہ کر رہے ہیں۔جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اگر طاقت نہیں تھی تو پھر حماس نے حملہ کیوں کیا انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ تن تنہا نمرود اور نمرودی سلطنت کے مقابل آئے۔ جبکہ حضرت موسی کلیم اللہ اپنا ایک سپاہی حضرت ہارون علیہ السلام لے کر فرعون اور فرعون کے لاکھوں سپاہیوں کے مد مقابل آئے۔ حماس اور حزب اللہ کی جرئت اور غزہ کے بہادر عوام کی استقامت نے پوری دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ جنہوں نے جہادی تنظیمیں بنائیں، آج وہ فلسطین میں مظلوم مسلمانوں کے قتل عام پر کیوں خاموش ہیں۔ ہم فلسطینی اور لبنانی عوام کے ساتھ ہیں۔