وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے گوٹھ ماکوڑو کھوہارو اور چک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی رہنما عبدالعلی کھوہارو مجلس علماء مکتب اہل بیت کے صوبائی رہنما مولانا غلام رضا کھوہارو ایم ڈبلیو ایم تحصیل صدر فہیم حیدر جعفری تحصیل جنرل سیکرٹری علی رضا مہر ٹاؤن چک کے صدر گلشیر علی سیٹھار و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہدائے راہ حق کے مشن اور مقصد کو زندہ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ جن شہداء نے حق و صداقت کی راہ پر چلتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور راہ خدا میں قربان ہو گئے ان کی راہ کو زندہ رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت مسلمان امت مسلمہ کے درد کو محسوس کرتے ہیں چاہے وہ مظلوم مسلمان فلسطین کے ہوں یا لبنان کے۔ امت مسلمہ کی مثال جسد واحد کی طرح ہے کہ جس کے اگر ایک عضو میں درد ہو تو پورا جسم تکلیف کو محسوس کرے۔
انہوں نے کہا کہ قائد وحدت کے حکم پر فلسطین اور لبنان کے مظلوم عوام کی مدد کے لئے ملک گیر مہم شروع کی گئی تنظیمی کارکن اور عوام اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کی نویں برسی کے موقع پر جیکب آباد میں عظمت شہداء کانفرنس منعقد ہوگی۔ کانفرنس سے ممتاز عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی اور مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ سید ظفر عباس شمسی و دیگر خطاب کریں گے۔