وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد میں مرکزی صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور ریاست کشمیر اور گلگت بلتستان سے صوبائی صدور اور جنرل سیکرٹریز سمیت مرکزی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس عاملہ کی دونوں نشستوں میں ایجنڈے پر بھرپور گفتگو کی گئی اور آئندہ ہونے والے پروگرامز کی منظوری اور انہیں حتمی شکل دی گئی،اجلاس کے اختتام پر غزہ ولبنان کی موجودہ صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا اور حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی المناک شہادت کو عالم اسلام کا عظیم نقصان قرار دیا گیا، آپ مرد میدان اور عظیم مجاہد تھے جن کی ساری زندگی صہیونی ریاست کے ناجائز تسلط سے فلسطین کو آزاد کروانے میں گزری، اسرائیل وامریکی جارحیت اور مظالم کی بھر پور مذمت کی گئی، پاکستانی عوام آگے بڑھ کر مظلومین غزہ و لبنان کی امداد کرے، پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطین ولبنان پر ایک سال سے ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم رکوانے میں اپنی ذمہ داری اور موثر کردار ادا کریں۔