وحدت نیوز (اسلام آباد) غاصب اسرائیلی افواج کے فضائی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید مقاومت شہید حسن نصراللہ ؒ اور ان کے جانشین سید ہاشم صفی الدینؒ کی تشیع جنازہ کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعبا س جعفری کی ہدایت پر ملک بھرمیں مجالس ترحیم، تعزیتی تقاریب اور عوامی اجتماعات منعقد ہوئےجن میں غیور پاکستانی عوام اور عاشقان شہداء نے عقیدتی اور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔
کراچی ، لاہور، اسلام آباد، سکردو، گلگت، پشاور، حیدرآباد، ملتان، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں منعقدہ تقاریب میں شرکاء نے شہداء کے پاکیزہ لہو سے تجدید عہد کیا ، عالمی استعمارامریکا اور اسرائیل سے اظہار نفرت کرتے ہوئے شہداء کی یاد میں شمع بھی روشن کیں۔
مقررین نے شہدائے راہ قدس کی عظیم اور بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ ؒ اور شہید ھاشم صفی الدین نے غزہ کے مظلوم اہل سنت مسلمانوں کے دفاع اور قبلہ اوّل کی آزادی کی راہ میں اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں۔ ان قربانیوں کی بدولت دشمنان اسلام کی فرقہ واریت کیلئے کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری خاک میں مل چکی ہے ۔
مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم خون کے آخری قطرے تک شہدائے اسلام کے مشن کو زندہ رکھیں گے، یہ کربلا کا راستہ ہے جس میں سخت امتحانات سے گذرنا پڑتا ہے لیکن باآخر اس معرکہ حق وباطل میں فتح ہمیشہ حق اور اہل حق کا مقدر ہوتی ہے ۔