وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔ بلوچستان میں بدامنی عروج پر ہے، یہاں کوئی شخص محفوظ نہیں ہے۔ بلوچستان کے حالات پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ ریلوے ٹریک، روڈ راستے سبھی غیر محفوظ بن چکے ہیں۔ آئے روز مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈٹ کی حامل حکومت پرامن احتجاج سے خائف ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سابق وزیراعلیٰ سردار اختر جان مینگل کے پرامن احتجاج کے راستے میں رکاؤٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ جمہوری وطن پارٹی کے رہنماء نوابزادہ گہرام خان بگٹی کو بلا جواز گرفتار کیا گیا ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کی مقتدر قوتوں کو اب یہ بات سمجھ جانی چاہئے کہ جعلی مینڈٹ کے حامل مصنوعی لیڈروں کے پاس ملک و قوم کی قیادت کرنے کی صلاحیت اور اہلیت نہیں ہے۔ نا قوم ان پر اعتماد کرتی ہے نا ہی وہ قوم کی ترجمانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی امن و امان کی ابتر صورتحال اغواء برائے تاوان چوری اور ڈاکے سے تنگ آ کر ہزاروں ہندو خاندان پچھلے چھ ماہ میں نقل مکانی کرکے پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔ وسیع پیمانے پر ہندو تاجروں کا ملک چھوڑ کر جانا افسوسناک ہے۔