وحدت نیوز(اسلام آباد) غزہ پر امریکی سرپرستی میں غاصب اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف اپنے بیان میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ غزہ میں بہتا ہوا بے گناہ مسلمانوں کا خون، چیخیں مارتی ماں، معصوم بچوں کی لاشیں اور تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دبے خواب، یہ سب صرف ایک خطے کا المیہ نہیں، یہ پوری مسلم امہ کے ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ ہر دن ایک قیامت ہے جو فلسطینی مسلمانوں پر ٹوٹتی ہے، اور ہر رات ایک اندھیرا ہے جو ہماری بے حسی کو مزید عیاں کرتا ہے۔
لیکن سب سے زیادہ تکلیف دہ منظر وہ نہیں جو غزہ میں ہے، بلکہ وہ خاموشی ہے جو مسلم وعرب حکمرانوں کے محلات میں گونج رہی ہے۔ وہ زبانیں جو کبھی اسلام کے دفاع کی بات کرتی تھیں، آج سامراجی طاقتوں کے تلوے چاٹنے میں مصروف ہیں۔ وہ ہاتھ جو مظلوم کی مدد کے لیے اٹھنے چاہیے تھے، آج صرف کاروباری معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے حرکت میں آتے ہیں۔
اے مسلم و عرب حکمرانو! تم وہ ہو جن کے پاس دولت ہے، وسائل ہیں، اثر ہے، لیکن تمہارے دل مر چکے ہیں۔ تمہاری آنکھیں بند ہیں، تمہاری زبانیں گنگ ہیں، اور تمہاری غیرت دفن ہو چکی ہے۔ کیا تمہیں نہیں معلوم کہ اللہ ظالموں کے ساتھ نہیں ہوتا؟ کیا تم بھول گئے کہ خاموشی بھی ظلم کا حصہ ہوتی ہے؟ تمہاری یہ خاموشی اللہ کے غضب کو دعوت دے رہی ہے۔
قرآن ہمیں بار بار یاد دلاتا ہے:
“وَلاَ تَحْسَبَنَّ اللَّهَ غَافِلاً عَمَّا يَعْمَلُ الظَّالِمُونَ”
(اللہ کو ظالموں کے اعمال سے غافل نہ سمجھو)