وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے آج کوئٹہ پریس کلب میں پیغام کربلاء اور اتحاد بین المسلمین کے عنوان سے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماء اور عزاداری کونسل کے مرکزی چئیرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ محرم الحرام دین اسلام کی فتح کا مہینہ ہے۔ محرم کا مہینہ ہمیں اتحاد بین المسلمین کا درس دیتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ماہ محرم میں چند شرپسند عناصر، کالعدم اور تکفیری جماعتیں انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انتظامیہ کو محرم الحرام کے موقع پر خاص طور پر تکفیری جماعتوں پر کڑی نظر رکھنے کی سخت ضرورت ہے۔ ایسے لوگوں کا ایجنڈا ہی نفرت پھیلانا اور مسلمانوں کے درمیان نفرتوں کو ہوا دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کی کی جانب سے عزاداری کے پروگرامز میں رکاؤٹ کی بجائے تعاون کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایام عزاء میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ عشرہ محرم کے دوران حکومتی سطح پر محرم سیل قائم کیا جائے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے عوام الناس سے 14 اگست کو یوم آزادی کا دن ماہ محرم کے احترام میں سادگی سے منانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری، مولانا زولفقار علی سعیدی، سہیل اکبر شیرازی، ذاکر حسین درانی اور ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے عیوض علی ہزارہ بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔