وحدت نیوز(لاہور)گلگت، پشاور اور کوئٹہ میں ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کا قتل عام ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے، حکمرانوں نے اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے ملک میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ امین شہیدی نے لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے منعقدہ دعائیہ اجتماع دعائے عرفہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کو فری ہینڈ دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب پرامن اور محب وطن لوگوں کو ہراساں کرنے، اُن کیخلاف بےبنیاد مقدمات قائم کرنے اور پابند سلاسل کرنے کا عمل جاری ہے ہم وطن کے اندر دہشت گردی اور بے گناہوں کے قتل کو حرام سمجھتے ہیں۔ دنیا بھر میں ایک مخصوص تکفیری گروہ اسلام کی بدنامی اور مسلمانوں کے لئے رسوائی کا سبب بن رہا ہے آج امام کعبہ کو بھی ان تکفیریوں کیخلاف اعلان کرنا پڑا کہ اس گروہ کا اسلام کیساتھ کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دیرپا امن اور رواداری کیلئے انتہا پسندوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنا ہو گا، بصورت دیگر یہ انتہا پسند تکفیری گروہ کی جانب سے خانہ جنگی کو کوئی نہیں روک سکے گا۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ انشاءاللہ فیصل آباد اور لاہور میں منعقدہ عوامی اجتماعات ملت اسلامیہ پاکستان کے لئے دہشت گردوں، لٹیروں اور خاندانی اقتدار سے نجات کا باعث بنیں گے۔
حکمران ناکامی چھپانے کیلئے دہشتگردی کروا رہے ہیں، علامہ امین شہیدی