وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے دورہ گلگت کے موقع پر آج مرکزی جامع مسجد امامیہ پہنچے جہاں انہوں نے نما زجمعہ کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کیا، مرکزی جامع مسجد امامیہ آمد پر عوام کی بڑی تعداد نے انکا پرتپاک کیا۔ نعروں اور درود کی گونج میں جامع مسجد امامیہ پہنچے، جہاں انہوں نے عوام سے خطاب کیا۔ جامع مسجد امامیہ گلگت میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اتحاد و وحدت پر زور دیا اور اتحاد کی فقدان کو عالم اسلام کے لیے سب سے اہم مسئلہ قرار دیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کی غیور اور باشعور ملت نے اپنی قوت بازو سے اس خطہ کو ڈوگرہ راج سے آزاد کرایا اور وطن عزیز پاکستان سے الحاق کیا لیکن گلگت بلتستان کی عوام کو انکے حقوق سے محروم رکھے گئے ہیں یہاں کی عوام مظلوم اور مستضعف ہے۔ ہم عوامی جدوجہد پر یقین رکھنے والے ہیں، عوامی طاقت اور جدوجہد کے ذریعے سیاسی جنگ لڑیں گے اور یہاں کی مظلوم عوام کو انکا حق پہنچائیں گے۔مسلح نہیں عوامی جدوجہد ہی قومی سرفرازی کا بہترین راستہ ہے، ہم سیاسی طاقت سے وہ فیصلہ کریں جو ملک کے حق میں بہتر ہو۔ ہم نے کسی کے آگے سر نہیں جھکانا۔ ہم گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ ہر سطح پر لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں وحدت پر زور دے کر کہا کہ اشرافیہ نے یہاں کی عوام کو مسلکی بنیادوں پر اور زبانوں کی بنیادوں پر تقسیم کر کے انکے حقوق پر ڈاکے ڈالے ہیں اب وحدت کی طاقت سے ان اشرافیوں کو شکست دیں گے۔ بلتستان امن کا گہوارہ ہے تمام مکاتب فکر یہاں کی امن کو تقویت پہنچانے کے لیے کام کریں۔