وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا ہے کہ حضرت علی علیہ السلام کی سیرت طیبہ حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، حکمران کامیاب طرز حکمرانی کیلئے حضرت علی علیہ السلام کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام نے اپنے صحابی مالک اشترؓ کو مصر کا گورنر مقرر کیا تو انہیں پورا لائحہ عمل دیا، جو پوری دنیا میں معتبر ترین حوالے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
علامہ اسدی نے کہا کہ حیرت ہوتی ہے کہ اس زمانے میں نہ کالج تھے، نہ یونیورسٹیاں، نہ علم سیاست مدون ہوا تھا، نہ عربوں کو حکمرانی کا تجربہ تھا۔ اس پر بھی امیر المومنینؑ نے انتہائی اختصار و بلاغت سے حکمرانی اور سیاست کے جو اصول اس تحریر میں جمع کر دیئے ہیں، آج بھی ان سے متمدن حکمران بے نیاز نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق نے حضرت علی المرتضیٰؑ کے مکتوب بنام مالک بن اشترؓ کو تاریخ ِ عالم کا منصفانہ ترین خط قرار دیتے ہوئے دنیا کے تمام حکمرانوں کو اسے بطورِ مثال اپنانے کی تجویز پیش کی، کمیٹی نے اس خط کو ’’سماجی انصاف‘‘ اور امنِ عالم کا اعلیٰ ترین نمونہ اور حضرت علی المرتضیٰ ؑ کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد انسانی تاریخ کا عادل ترین حکمران قرار دیا۔ علامہ اسدی نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ آپؑ کی سیرت پرعمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں گے۔