وحدت نیوز(کوٹ عبدالمالک) علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب ،نے اپنے وفد کے ہمراہ 13 رجب المرجب کی مناسبت سے کوٹ عبدالمالک میں جشن مولود کعبہ کے عنوان سے ایک بابرکت جشن میں شرکت کی اور جشن پڑھا جیسے سامعین نے بہت سراہا ۔ اس جشن سعید میں وزیر اعلی پنجاب کےسابق معاون خصوصی پولیٹیکل افیئرز ومرکزی سیکرٹری سیاسیات برادر اسد عباس بھی شریک تھے ۔ مولاامیرالمومنین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سےاس جشن کا اہتمام کوٹ عبدالمالک امام بارگاہ کے بانیان اور انتظامیہ کی طرف سےکیا گیا ۔ جس میں علاقے کے مومنین ومومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی اکبر کاظمی نے کہاکہ حضرت علی علیہ السلام کے فضائل اور کمالات کے بارے میں کچھ لکھنا جتنا آسان ہے اتنا مشکل بھی ہے اس لیے کہ حضرت علی علیہ السلام فضائل و کمالات کا ایسا بیکراں سمندر ہیں جس میں انسان جتنا غوطہ لگاتا جائے گا اتنا زیادہ فضائل کے موتی حاصل کرتا جائے گا یہ ایسا سمندر ہے جس کی تہہ تک پہنچنا ناممکن ہے۔ کیا خوب کہا خلیل ابن احمد نے جب ان سے امیر المومنین علی علیہ السلام کے فضائل کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا: کیف اصف رجلاً کتم اعادیه محاسنه و حسداً و احبّائه خوفاً و ما بین الکلمتین ملأالخائفین؛(۱) میں کیسے اس شخص کی توصیف و تعریف کروں جس کے دشمنوں نے حسادت اور دوستوں نے دشمنوں کے خوف سے اس کے فضائل پر پردہ پوشی کی ہو ان دو کرداروں کے درمیان مشرق سے مغرب تک فضائل کی دنیا آباد ہے۔