وحدت نیوز(لاہور)صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم عام انتخابات میں تحریک انصاف کے اتحادی کے طور پر حصہ لے گی۔ مجلس وحدت مسلمین اور پی ٹی آئی کے درمیان ملک و قوم اور اُمت مسلمہ کی فلاح و بہبود پر اتفاق پایا جاتا ہے، ایم ڈبلیو ایم اُمت واحدہ کی ترجمان اور سیاسی فیصلے کرنے میں آزاد ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کا اہم اجلاس علامہ علی اکبر کاظمی کی زیرصدارت صوبائی دفتر میں ہوا جس میں تمام تنظیمی ذمہ داران نے شرکت کی اور صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ علی اکبر کاظمی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے علامہ راجہ ناصر عباس اور وفد کی ملاقات سے متعلق عہدیداروں کو آگاہ کیا۔
عہدیداروں نے مرکزی اور صوبائی قیادت کے فیصلوں کی تائید کی ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد میں کہاگیا کہ امپورٹڈ اتحادی حکومت اپنے مذموم مقاصد حاصل کرچکی لہٰذا اب اقتدار کی جان چھوڑ کر اپنے اپنے دیس روانہ ہوجائے، معیشت زبوں حال اور ڈیفالٹ کے خطرات منڈلارہے ہیں، پاکستانیوں کو امپورٹڈ اتحادی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔