وحدت نیوز(لاہور)مجلس و حدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید حسین شاہ زیدی نے ایک بیان میں کہا کہ آج بھی دنیا کے ہر مہذب اور ترقی یافتہ ملک میں حکمرانوں سے لے کر عام شہری تک قانون کی پابندی اور اس کی پاسداری کو اپنے لئے ناگزیر سمجھتا ہے اور اس تصور کی بدولت ایسے ممالک کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اور ترقی کی منازل طے کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس حوالے سے اسلام کے نظام عدل اور قانون کی پابندی بھی ایک مثال کا درجہ رکھتی ہے جو پوری انسانیت کے لئے ایک رہنما اصول کے زمرے میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں نہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جاسکتی ہے اور نہ ہی کوئی حکمران اپنی سیاسی بالا دستی کے باعث کسی عدالت کو متاثر کرکے اپنے حق میں کوئی فیصلہ کراسکتا ہے۔یہ امر واضح ہے کہ قانون کی بالا دستی کا احترام اور اس کی پیروی حکمران طبقے سمیت پاکستان کے ہر شہری پر لازم ہے۔ اس سے کسی کو بھی مستثنیٰ قرار نہیں دیا جاسکتا اس لئے کہ جب تک کوئی قوم آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کا عملی ثبوت پیش نہیں کرتی وہ قوم زندگی کے کسی بھی شعبے میں ترقی نہیں کرسکتی ۔