وحدت نیوز(لاہور) لاہور میں عید میلادالنبی(ص) کا مرکزی جلوس ریلوے سٹیشن سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستے میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے۔ جہاں جلوس کے شرکاء پر گل پاشی کرکے ان کا استقبال کیا گیا اور جلوس کے شرکاء کی شربت سے تواضع کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ امت کے اتحاد سے ہی دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر ہم نے جلوس کے راستے میں استقالیہ کیمپ لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی کا اتحاد ہی تکفیریوں کی نجس سوچ کی شکست ہے، جو امت تقسیم کرنے کیلئے ہر وقت تکفیر کرتے رہتے ہیں۔ اہلسنت رہنماوں کا کہنا تھا کہ پاکستان بنایا بھی شیعہ اور سنی نے مل کر تھا اور اب پاکستان کی حفاظت بھی شیعہ اور سنی مل کر کریں گے۔ اہلسنت قائدین نے شاندار استقبال کرنے پر اہل تشیع رہنماوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پرضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہورجناب مرزا نجم خان صاحب ، نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور جناب رانا کاظم صاحب ، فلسطین فاونڈیشن لاہور کے رہنما جناب عثمان صاحب وصوبائی آفس سیکریٹری ظہیر کربلائی استقبالیہ کیمپ میں موجود تھے۔