وحدت نیوز(فیصل آباد)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام فیصل آباد میں حمایت مظلومین وغزہ کانفرنس کا انعقاد ۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی شرکت۔ کانفرنس میں علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کا مرکزی خطاب ۔
مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان ضلع فیصل آباد کے زیر اہتمام حمایت مظلومین فلسطین وغزہ کانفرنس سوہا ہوٹل فیصل آباد میں منعقد کی گئی ۔ کانفرنس میں فیصل آباد شہر سے کافی تعداد میں لوگ شریک تھے ۔ اس کانفرنس میں ہر مکتب کی نمائندگی موجود تھی حتی کہ فیصل آباد چرچ کے پادری سلمان مسیح نے بھی شرکت کی ۔
کانفرنس میں مکتب اہل حدیث ،اہل سنت اور مکتب اہل بیت علیہم السلام سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور فیصل آباد کے آستانوں کے کئی پیر بھی اس عظیم الشان کانفرنس میں شریک تھے۔
کانفرنس کے میزبان جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید فضل عباس کاظمی ضلعی صدر مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان ضلع فیصل آباد اور ان ضلعی کابینہ کے معزز ممبران تھے جبکہ اس پوری کانفرنس کی سرپرستی فیصل آباد کی جانی پہچانی ہر دلعزیز شخصیت جناب ڈاکٹر افتخار حسین صوبائی صدر عزاداری کونسل صوبہ پنجاب فرما رہے تھے ۔
جناب حجت الاسلام و المسلمین جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب اس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیے گئے تھے۔ انہوں اس کانفرنس میں مرکزی خطاب کیا ۔
مقررین میں جناب غلام اکبر ساقی ،ڈاکٹر افتخار حسین ،علامہ سید فضل عباس کاظمی ،علامہ سید علی احمد مدنی ، علامہ ظہیر کربلائی ،برادر نجیب الحسن نقوی ودیگر کئی رہنما بھی شامل تھے ۔ مقررین نے فلسطین کی آزادی اور اہل غزہ کی حمایت کے متعلق خطابات کیے ۔
خطے سے امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک وجود کے خاتمے کو ہی خطے کی امن وسلامتی کی ضمانت قرار دیا ۔تمام مقررین نے امریکہ اور برطانیہ کا ملکر یمن پر حملے کی بھرپور مذمت کی اور اہل یمن کی استقامت کو سراہا ۔
اس کانفرنس میں برادر مظہر عباس جعفری صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ، برادر نجیب الحسن نقوی صوبائی سیکرٹری تعلیم ، علامہ ظہیرکربلائی صوبائی آفس سیکریٹری نے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کی ہمراہی کی اور بطور مبصر اس کانفرنس میں شرکت کی ۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء کانفرنس کے لئے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا ۔
کانفرنس کی کوریج کے لئے لوکل صحافی حضرات بھی اس کانفرنس میں موجود تھے ۔ کانفرنس کے آخر میں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب سے کانفرنس کے انعقاداوراس کے مقاصد کے حصول حوالے انٹرویوز کیے گئے ۔