وحدت نیوز(سرگودھا)ماہ محرم الحرام کا آخری خمسہ بمناسبت آخری پرسہ داری اختتام ماہ محرم الحرام کے حوالے سے ہرسال سیال موڑ سرگودھا میں مجالس عزاء منعقد ہوتیں ہیں جس سے مختلف علماء کرام ذاکرین اور خطباء اپنے انداز میں خطاب فرماتے ہیں ۔ ان مجالس عزاء کے بانی جناب سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہیں یہ علاقہ ان کا آبائی علاقہ ہے ان کے مرحوم والد بزرگوار سردار غلام عباس شاہ علاقے کے معروف زمیندار اور ایک سماجی شخصیت تھے ۔
جناب سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ مرکزی جنرل سیکرٹری پچھلے 4 سالوں سے مسلسل ان مجالس عزاء کے باقاعدہ بانی ہیں اور مجالس عزاء کی تمام ترذمہ داری کو اپنے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے خود نبھاتے ہیں ۔ سیال موڑ میں مسجد حیدر کرار بھی جناب سید ناصر عباس شیرازی کی کاوشوں کے نتیجے میں پائہ تکمیل تک پہنچی ہے ۔ اسی مسجد میں 5 اگست 2024ء بروز سوموار کو مجلس عزاء منعقد ہوئی جو پچھلے سہ روزہ مجالس کا تسلسل تھی ۔ مجلس عزاء میں جناب سید ناصر عباس شیرازی مرکزی جنرل سیکرٹری کے علاؤہ معززین علاقہ اور عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
مجلس عزاء سے ذاکر اہلبیت ع جناب بشیر حیدری ،ذاکر اہلبیت ع جناب ناصر عباس ،صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی اور جناب مولانا ظہیر کربلائی نے خطاب کیا ۔ مجلس عزاء میں میں اتنی معنویت اور روحانیت تھی کہ شرکاء مجلس عزاء نے تمام خطباء اور ذاکرین کا مذہبی اور انقلابی نعروں سے استقبال کیا ۔علامہ سید علی اکبر کاظمی نے بہت ہی خوبصورت انداز میں فضائل ومصائب اہلبیت ع بیان کیے ۔ مجلس عزاء کے آخر میں ماتم داری اور نوحہ خوانی بھی کی گئی جس میں سید ناصر عباس شیرازی مرکزی جنرل سیکرٹری ،صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب ،مولانا ظہیر کربلائی اور لوکل دیگر سماجی ،سیاسی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی ۔