وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے سندھ حکومت سے سوال کیا ہے کہ کب تک کراچی کے حقیقی مکینوں کا استحصال جاری رہے گا، کراچی کی معیشت پر نقب زنی، کراچی کے جوانوں کی نوکریوں پر ڈکیتی، کراچی کے طلباء پر کوٹہ سسٹم کے تحت راہزنی، کراچی کا پانی چوری، گیس پر شب خون، بجلی پر قبضہ، زمینوں پر قبضہ آخر کب تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ استحصال در استحصال لیکن اس کے باوجود کراچی کا مکین تحمل اور بردباری سے وطن کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے سوچتا ہے اور اپنے آپ کو اس سسٹم کی بھٹی میں ایندھن کی طرح جھونکے جانے میں عار محسوس نہیں کرتا لیکن کب تک ہم وسیع تر ملکی مفاد میں خاموش رہیں اور یہ استحصال برداشت کرتے رہیں۔ علی حسین نقوی نے مزید کہا کہ اب ہمیں بولنا ہوگا، آواز بلند کرنی ہوگی کیونکہ اب سوال ہماری آنے والی نسلوں کی بقاء کا ہے، اب سوال ہمارے ملک کے استحکام اور سالمیت کا ہے۔