وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان(صوبہ سندھ) کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکشن کے لیے فوری فنڈ جاری کرے تاکہ جمہوری اقدار کی پاسداری کی جائے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے لئے فیصلہ منصفانہ ہے۔
انہوں نے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان یہ امید کرتی ہے کہ ملک کی تمام جماعتیں عدلیہ کی بالادستی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عدالتی فیصلے کی تعمیل اور اس پر سیاست سے اجتناب کریں گی۔سیکریٹری سیاسیات نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت کو 14 مئی کو الیکشن کروانے کے لئے سنجیدگی کا ثبوت دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے فنڈ جاری کرنے سے جمہوری اقدار کی پاسداری کی جاسکتی ہے۔
سید علی حسین نقوی نے کہا کہ عدالت عظمی کے فیصلے پر سیاست سے گریز کیا جائے۔ عدالتی فیصلے کی تعمیل اور اس پر سیاست سے اجتناب کرنا ہر محب وطن پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے امید کی کہ پنجاب حکومت ان کے مطالبہ پر عمل کرتے ہوئے الیکشن کو ممکن بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات لے کر 14 مئی کو صوبے میں انتخابات کا کامیاب انعقاد ممکن ہو بنائے گی۔