وحدت نیوز(ٹنڈو محمد خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے یوم القدس کی مناسبت سے جامع مسجد علیٔ تا پریس کلب غاصب اسرائیل کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ ریلی ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی عہدیدار محمودالحسن، ضلعی صدر امجد حسینی، جامع مسجد علیٔ کے منتظم آغا غلام رسول سرہیو، سجاد علی ڈومکی، ساجن علی مغل کی رہنمائی میں نکالی گئی۔ ریلی مختلف راستوں سے ہو کر پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہو گئی۔
مظاہرین سے محمودالحسن، خطیب جامع مسجد علیٔ مولانا امیر حسین رحمانی، مولانامقبول محسنی، مولانا ذوالقرنین، مولانا اصغر کربلائی اور محمد اشرف نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے کہا کہ غاصب صیہونی آئے دن فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ مگر پوری دنیا نے دیکھ لیا اتنے مظالم کے باوجود فلسطینی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکے۔ وہ آج تک سینہ تان کے کھڑے ہیں اور اسرائیل کو رسوا کر رہے ہیں۔ ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود فلسطینوں کو خوفزدہ نہیں کر سکے۔اسرائیل آج شکست سے دو چار ہے۔ رہبر معظم نے حال ہی میں کہا ہے کہ ہم نے تو کہا تھا اسرائیل 25 سال نہیں دیکھے گا مگر اسرائیلیوں کو خود بڑی جلدی پڑی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے۔ بانی پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا۔ مگر آج کے حکمران ان سے راہ و رسم کے چکر میں پڑے ہیں، کبھی کوئی پاکستانی وفد اسرائیل جا رہا ہے، تو کبھی کوئی پاکستانی یہودی اسرائیل سے تجارت کرتا ہے، کبھی اسکولوں میں اسرائیل کے جھنڈے کلچر کے نام پر عیاں ہوتے ہیں۔ یہ سب اسلام و ملک سے غداری کے زمرے میں آتا ہے۔ پاکستانی قوم کبھی بھی اسرائیل جیسی نجاست کو تسلیم نہیں کرے گی۔ فلسطین و کشمیر ہماری ریڈ لائن ہے۔ اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔