وحدت نیوز(کراچی) مظلومین و مجاہدین فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے اور غاصب اسرائیل کے بدترین مظالم کے خلاف قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حکم پر ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ملک کے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میںبعد نماز جمعہ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور جامع مساجد اور پریس کلبوں کے باہر مظاہرے منعقد کیئے گئے۔
اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر گلشن حدید یونٹ کی جانب سے بعد نماز جامع مسجد جعفریہ کمپلیکس اسٹیل ٹاؤن تا اللہ والا چوک فیز 1 تک احتجاجی ریلی کا انعقادکیا گیا،احتجاجی ریلی سے ایم ڈبلیوایم کے رہنمامولانا نشان حیدرساجدی، مولانا محمدعلی زیدی الحسینی، مولانا بلاول فائزی، مولانا انصاف علی حیدری، صدر ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی ،صابر عمران و دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ حیدر علی زیدی نے ترانہ شہادت پیش کیا۔ہاتھوں میں بینرز ، پلے کارڈ اور فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی،آخر میں امریکہ اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کیئے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےصدر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر نے کہا کہ مظلومین ومجاہدین فلسطین نے قرآنی اصول کے مطابق اقلیت ہوتے ہوئے ایمانی طاقت اور صبر سے اکثریت پر غلبہ حاصل کیا ہے، جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے لیس اسرائیل کی طاقت کے بت کو ریزہ ریزہ کرکے رکھ دیا ہے، اب دنیا سے سپرپاور امریکا اور اسرائیل کے ناقابل تسخیر ہونے کا طلسم بھی ٹوٹ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری عالم انسانیت کی بالعموم او رعالم اسلام کی بالخصوص ذمہ داری ہے کہ وہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بدترین بمباری اور بے گناہوں کے قتل عام کے خلاف آواز حق بلند کریں، افسوس ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی واحداسلامی ایٹمی طاقت پاکستان کی امریکانواز حکومت نے فلسطینیوں کے حق میں مردانہ وار انداز میں حمایت کا اعلان نہیں کیا بلکہ مصلحت پسندانہ اور منافقانہ طرز عمل اختیار ہوئے ایسا بیان دیا کہ ان کا آقا امریکا اور اسرائیل ان سے نا راض نا ہوجائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ غیور مسلمانوں کے دل اپنے مظلومین فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ جبکہ ہمارے بذدل حکمرانوں کے دل امریکا اور اسرائیل کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک مظلوموں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں کہ جب پوری امت مسلمہ امام مہدی ؑ کی زیر اقتداءحضرت عیسیٰ ؑ اور رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے ہمراہ قبلہ اول میں نماز جماعت ادا کرے گی۔