وحدت نیوز(کراچی)جماعت اسلامی کی جانب سے شاہرائے فیصل پر نکالی جانے والےالاقصیٰ فلسطین مارچ میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں سے غاصب جعلی ریاست اسرائیل نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پربدترین ظلم ڈھائے ہیں ۔اقوام متحدہ اور اقوام عالم نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت توکی مگر عملی اقدامات نہیں ۔لاکھوں فلسطینی اپنی زمین میں بے گھر ہیں اور ظلم و ستم سہتے اپنی زندگیاں گزار رہے ہیں ۔فلسطین میں موجود تمام حریت پسند تنظیموں بلخصوص حماس کے رہنماوں و کارکنان کو سلام پیش کرتے ہیں جو ان حالات میں جہاں اسرائیل کو ٹیکنالوجی میں پوری دنیا پر سبقت حاصل ہے اس کے باجود انھیں منہ توڑ جواب دے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے بہت جلد نیست و نابود ہوگا اور انشاء اللہ بہت جلد ملت پاکستان قبلہ اول بیت المقدس میں نماز شکرانہ ادا کریں گے۔انہوں نے امیر جماعت اسلامی جناب سراج الحق اور کراچی کی قیادت کو مظلومین فلسطین کی حمایت میں کامیاب ریلی منعقد کرنے پر سہرایااور شرکاء کو22 اکتوبر بروز اتوار ایم ڈبلیوایم کی جانب سے نمائش تا امریکن قونصلیٹ تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت بھی دی۔