وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین اور دعا کمیٹی کی جانب سے محفل شاہ خراسان ہفتہ وار دعائیہ اجتماع تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دعا کی تلاوت مولانا تنویر عباس محمدی نے کی۔ بعد از دعا پاراچنار پر دہشتگردوں کی لشکر کشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب میں سندھ کے رہنما علامہ حیات عباس نجفی نے کہا کہ ایک طرف مشرق وسطیٰ میں موجودہ کشیدہ حالات مظلوم فلسطینی عوام پر غاصب اسرائیلی جارحیت جاری ہے تو عین ایسی وقت ملک خداد پاکستان کے بارڈر کرم ایجنسی پارا چنار پر طالبان دہشتگردوں کی بھارتی اور صہیونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے لشکر کشی ملک دشمن عناصر کی سوچی سمجھی سازش ہے، 5 لاکھ سے زیادہ آبادی والا شہر پاراچنار غزہ کی طرح مسلسل طالبان دہشت گردوں کے نشانے پر رہتا ہے، ہر سال خانہ جنگی شروع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے پرامن اور وطن کے وفادار عوام پر جنگ مسلط کرنے والے شر پسند عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہونگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی فرقہ وارانہ مسئلہ نہیں ہے بلکہ مذموم مقاصد پر مبنی ملک دشمن دہشت گردوں کی بہیمانہ سازش ہے، پارہ چنار ایک حساس اور دفاعی حوالے سے انتہائی اہم علاقہ ہے، جس کا بدامنی کی لپیٹ میں آنا تشویشناک ہے، ریاست اور سیکورٹی ادارے اس جنگ کو بروقت روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ چار روز سے جنگ کی آگ میں سلگتے ہوئے پارہ چنار کے محب وطن شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ملک کی تمام امن پسند قوتوں کو اس جنگ کے روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیئے، حکومت کو چاہیئے کہ وہ فی الفور پاک و افغانستان بارڈر کو مکمل باڑ لگا کر سیل کرے۔ احتجاجی ریلی میں علامہ علی انور جعفری، مولانا منہال حسین بنگش، مولانا اشرف حسین کاشفی، مولابا سید باقر حسین نقوی، عظیم جاوا، ناصر الحسینی سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔