وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-231 سید عارف رضا اور نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ PS-89 ملیر سید احسن عباس نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-231 خالد محمود ایڈوکیٹ انتخابی نشان ٹیبل ٹینس ریکٹ اور نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ PS-89 احسان خٹک انتخابی نشان ڈش انٹینا کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مکمل طور پر عمران خان کے نامزد امیدواروں کی حمایت اور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تقریب اعلانِ حمایت اور دستبرداری ضلعی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں منعقد ہوئی جس میں تلاوت کلام پاک کی سعادت ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے نائب صدر مولانا نشان حیدر ساجدی نے حاصل کی، ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے دستبردار امیدواروں اور ڈویژنل پولیٹیکل سکریٹری علامہ مبشر حسن نے حلقہ کے عوام، ایم ڈبلیو ایم کے ووٹرز، کارکنان اور سپورٹرز سے پی ٹی آئی اور عمران خان کے نامزد اور ایم ڈبلیو ایم کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی اور عمران خان کے نامزد اُمیدواروں، صوبائی و ڈویژنل رہنماؤں نے مُشکل کی اس گھڑی میں پاکستان تحریک انصاف کا پورے ملک کی طرح ملیر میں بھی بھرپور ساتھ دینے پر ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، کراچی ڈویژن اور ضلع ملیر کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سینیئر نائب صدر خان محمد خانی، کراچی ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری طارق بلوچ، ضلع ملیر کے صدر عطاء محمد تارن، راؤ اعظم خان، شہریار خان، عدنان خان سمیت دیگر پی ٹی آئی عہدیداران شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے نائِب صدر مولانا نشان حیدر، مولانا حیات عباس، علامہ مبشر حسن، ضلع ملیر کے نائِب صدر شعیب رضا، مولانا بلاول فائزی، سینیئر نائِب صدر مولانا گلزار شاہدی، جنرل سیکریٹری نیاز علی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ممتاز مہدی، ثمر سعید، رضا حیدر، اسد علی زیدی سمیت ضلع ملیر کے اراکین کابینہ، نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ PS-85 ملیر صابر عمران، جعفرطیار یونٹ کے صدر کاظم نقوی، سابقین آئی ایس او غیور عباس، ثمر عباس، احسن مہدی و دیگر عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔
بعد ازاں ایم ڈبلیوایم کے حلقہ پی ایس 85 سے نامزد امیدوار صابر عمران پی ٹی آئی کی نامزد امیدوار محترمہ مہوش راؤ صاحبہ کے حق میں دستبردار ہوگئے ۔