وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی نے لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے زائرین کی بس کےعراق جاتے ہوئے ایرانی شہر یزد میں خوفناک حادثے پردلی افسوس اور رنج کااظہار کیا ہے ۔
میڈیا سیل سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اس اندھوناک سانحے میں 35 زائرین کی شہادت اور ایک درجن کے قریب زائرین کے شدیدزخمی ہونا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کی شہادت ایک عظیم سعادت بھی ہے ، جنہیں خود امام حسینؑ نے اپنی بارگاہ میں طلب کیا ہے، دکھ کی اس گھڑی میں ایم ڈبلیوایم کے تمام اراکین غم ذدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علامہ باقرعباس زیدی نے بس مالکان اور ڈرائیور حضرات سے بھی گذارش کی ہے کہ بیرون ملک سفر سے پہلے اور دوران سفر بسوں کی فٹنس کا خصوصی خیال رکھا جائے، بیرون ممالک خصوصاً ایران اور عراق میں بین الاقوامی طرز کے ٹریفک قوانین سے آشنائی اور ان کی پابندی کا بھی خاص خیال رکھنا ضروری ہے تاکہ اس قسم کے افسوسناک سانحات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے شہداءکیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور ساتھ ہی ایرانی حکومت اور تہران میں موجود پاکستانی سفارت خانے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہداء وزخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ فوری مکمل تعاون کو یقینی بنائیں ، زخمیوں کی بہترین نگہداشت اور شہداء کے جسدہائے خاکی کی وطن واپسی کیلئے جلد موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔