وحدت نیوز(جیکب آ باد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ جیکب آباد میں ایک کالعدم دہشت گرد ٹولے کی جانب سے شیعہ سنی مسلمانوں کے درمیان شرانگیزی اور نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ضلع جیکب آباد کے شیعہ اکابرین، علماء، سادات اور قومی تنظیموں کے نمائندگان کے اہم اجلاس کی زیر صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بزرگ شیعہ رہنماء سید لال شاہ بخاری، سید غلام شبیر نقوی، انجمن سپاہ علی اکبر کے چیئرمین سید احسان علی شاہ بخاری، سید راجہ ریاض علی شاہ، مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، تعلقہ صدر ٹھل غلام حیدر برڑو، جعفریہ الائنس پاکستان کے ڈویژنل صدر وزیر علی مشہدی، جنرل سیکرٹری زوار شاہنواز جعفری، وحدت یوتھ ڈویژن لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری اللہ بخش میرالی، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنماء اویس علی جکھرانی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی، نثار احمد ابڑو، سید علی شاہ، مولانا ارشاد علی سولنگی و دیگر رہنماء شریک ہوئے۔
قومی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد میں شیعہ سنی مسلمان صدیوں سے آپس میں اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے ساتھ رہ رہے ہیں، مگر ایک کالعدم دہشت گرد ٹولے کی جانب سے شرانگیزی اور نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ اسی دہشت گرد ٹولے نے 2015 میں شب عاشور جلوس عزاء پر حملہ کرکے 29 بے گناہ انسانوں کو شہید، جبکہ 59 معصوم شہریوں کو زخمی کیا تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان علی شاہ بخاری نے کہا کہ ضلع جیکب آباد میں کلعدم دہشت گرد ٹولے کو نفرت انگیزی کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے، جس کی وجہ سے ضلع کا امن خطرے میں ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زوار وزیر علی مشہدی نے کہا کہ جیکب آباد کے پرامن ماحول کو جان بوجھ کر خراب کیا جا رہا ہے۔
نذیر حسین جعفری نے کہا کہ چار دسمبر کو کالعدم ٹولے نے شرانگیزی پر مبنی اجتماع کا اعلان کرکے ضلع کی پرامن فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ چار دسمبر کو ملت جعفریہ جیکب آباد کے شہداء کی یاد میں دہشتگردی کے خلاف تاریخی اجتماع کرے گی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 4 دسمبر کو جیکب آباد میں دہشتگردی کے خلاف شہدائے جیکب آباد کی یاد میں تاریخی عظمت شہداء کانفرنس منعقد کی جائے گی۔