علامہ دیدار جلبانی کی شہادت، سندھ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی مظاہرےاور ریلیاں

05 December 2013

وحدت نیوز(اندرون سندھ) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دیدار علی جلبانی کی شہادت پر اندرون سندھ مختلف شہروں میں احتجاج کرتے ہوئے دھرنے دیئے گئے ریلیاں نکالی گئیں جبکہ ٹنڈو محمد خان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی تفصیلات کے مطابق سکھر میں شہید علامہ دیدار جلبانی اور ان کے محافظ شہید سرفراز بنگش کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سکھر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مرکزی امام بارگاہ سکھر سے چوہدری اظہر حسین اور علامہ علی بخش سجادی کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پہنچی، ریلی کے شرکاء کراچی میں اہل تشیع برادری کے علماء کرام اور لوگوں کی شہادت کے خلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے، ریلی کے شرکاء نے مختلف بازاروں اور چوراہوں پر احتجاج کرتے ہوئے گھنٹہ گھر پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں آپریشن کی باتیں کرتی ہے لیکن دہشت گردوں اور قاتلوں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج دہشت گرد کھلے عام بے گناہ لوگوں کا قتل عام کر رہے ہیں اور حکومت، سیکیورٹی ادارے سب کچھ ٹھیک ہے کا نعرے لگانے میں مصروف ہیں۔ احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ شہید علامہ دیدار حسین جلبانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

 

ہالا میں بھی کراچی میں جاری خونریزی کے دوران معروف شیعہ عالم علامہ دیدار جلبانی کی شہادت کے خلاف ہالا، نیو سعید آباد، مٹیاری، بھٹ شاہ، اڈیرولال میں شیعہ تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا مولانا دوست علی سعیدی، زوار ولی محمد میمن، شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر سید غلام علی شاہ اور دیگر نے مولانا دیدار علی جلبانی اور دیگر شہریوں کے قتل عام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں عالمی دہشت گرد امریکہ کی قیادت میں براہ راست مسلم نسل کشی کے ساتھ فرقہ واریت کے ذریعہ مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشوں میں مصروف ہیں انہوں نے کراچی سمیت ملک بھر میں پاکستانیوں کے قتال کو ختم کرانے کے لیے دہشت گرد ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ماتلی میں شیعہ علماء کونسل کی اپیل پر ماتلی میں مکمل ہڑتال ہوئی، تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک معمول سے کم چلا، شہر میں نامعلوم افراد نے ٹائر جلائے جبکہ شیعہ تنظیموں کی جانب سے ریلی بھی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے علامہ دیدار جلبانی کی ٹارگٹ کلنگ کی سخت مذمت کی۔

 

ٹنڈو محمد خان میں علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے محافظ کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی کال پر ٹنڈو محمد خان شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جس کے باعث تمام کاروباری مراکز بھی بند رہے سڑکوں سے گاڑیاں معمول سے بہت کم رہی۔ دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے محب علی بھٹو کی قیادت میں مسجد علی سے احتجاجی جلوس برآمد کیا گیا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا پریس کلب کے سامنے پہنچا، اس موقع پر مظاہرین سے محب علی بھٹو، محمود الحسین لغاری، مولانا محمد بخش عزیزی اور محمد اشرف خاصخیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور دہشت گردی کی کارروائی میں علامہ دیدار جلبانی کی شہادت کی سخت مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں دہشت گرد عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

 

ڈگری میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سکریٹری جنرل سید بشیر احمد شاہ نقوی اور دیگر رہنماؤں نے کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا دیدار جلبانی کی ٹارگٹ کلنگ میں دہشت گردی کی واردات میں ہلاکت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل تشیع کے رہنماؤں کو گھناؤنی سازش کے تحت دہشت گردی کا نشانہ بناکر ملک و صوبے میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی مذموم سازش کی جارہی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ مذہبی جماعتیں متحد ہوکر مذہبی منافرت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

 

سیٹھارجہ میں علامہ دیدار علی جلبانی کی شہادت کے واقعے خلاف بدھ کے روز بھی سیٹھارجہ میں وحدت مسلمین کے رہنمائوں آغا طالب حسین بلوچ، زوار نثار احمد، سید احسان علی شاہ کی قیادت میں سیکڑوں کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور حسینی چوک پر احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ شیعہ علماء کو ٹارگٹ کرکے قتل کرنا اور مجرموں کو کیفر کردار تک نہ پہنچانا یہ عمل ملت جعفریہ کی برداشت سے باہر ہورہا ہے حکومت اپنے مفاہمتی عمل پر نظرثانی کرے اور شیعہ علماء کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے ملت شیعہ کی بے چینی دور کی جائے۔ ٹھری میر واہ میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا دیدار جلبانی کے قتل کے سوگ میں ٹھری میر واہ شہر بند رہا اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ریلی نکال کر ناکہ نمبر 1 چوک پر دھرنا دیا گیا۔

 

بدین، لاڑکانہ اور ٹھٹھہ میں بھی ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان نے علامہ دیدار جلبانی کی شہادت کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں، اس موقع پر شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، ریلی کی قیادت کرتے ہوئے طارق بدوی، بہادر میمن اور مختار دایو اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ علامہ دیدار جلبانی کی شہادت سانحہ راولپنڈی کا تسلسل ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد شہید اور ان کے محافظ کے قاتل گرفتار کئے جائیں ورنہ سندھ بھر میں ایسا احتجاج ہوگا جس سے حکومتی ایوانوں کے در و بام ہل جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ علامہ جلبانی شہید کا مشن جاری رکھیں گے اور ان کے قاتلوں کو رسوا کرتے رہیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree