وحدت نیوز (دادو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ ضلع دادو تحصیل جوہی کی جانب سے پشاور مدرسہ میں ہونے والے بم دھماکے کے خلاف الحسینی مسجد سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شامل احتجاجی مظاہرین نے جوہی پریس کلب کے سامنے دھرنا بھی دیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں مولانا علی نواز مہدوی اور اعجاز حسینی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حکمران اپنی کرسیاں بچانے کے چکر میں تماشائی بنے ہوئے ہیں، ملک میں لوگوں کی جان اور مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے لیکن موجودہ حکمران لوگوں کی جان اور مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، ان حکمرانوں کو ملک میں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے، کراچی میں روزانہ قتل کی وارداتیں ہو رہی ہیں اور کوئٹہ میں یونیورسٹی کی بس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا ہے، اگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جاتی تو پشاور میں دینی تعلیمی ادارے جامعہ شہید عارف الحسینی کی مسجد میں خودکش دھماکہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آخر کب تک ان بے گناہوں کا خون بہایا جائے گا؟ اب بھی حکمرانوں نے دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تو ملک کے حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں، حکمرانوں کو چاہیئے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کاروائی کریں، تاکہ لوگوں کی جان و مال محفوظ ہوسکے۔