وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران حساس قرار دیئے گئے اضلاع میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ عزادار بلخصوص امام بارگاہوں کے متولیان اور بانیان مجالس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کیساتھ ہرممکن تعاون کریں۔ اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ترجمان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام ہمیں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور دین مبین اسلام کی خاطر قربانی دینے کا درس دیتا ہے، اس ماہ میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان باہمی اتحاد کو مزید فروغ دیں، امام حسین (ع) محسن انسانیت ہیں، امام حسین (ع) کی سیرت پر چلتے ہوئے ہمیں احکامات خداوندی پر مکمل طور پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران صوبائی حکومت نے جن اضلاع کو حساس قرار دیا تھا کہ نازک حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے وہاں سیکورٹی کے مزید بہتر انتظامات کئے جائیں، تاہم سیکورٹی کے نام پر دیگر مکاتب فکر کے مسلمانوں کو عزاداری سے دور رکھنے کی روش ترک کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں مجالس اور جلوس ہائے عزاداری کیلئے مزید بہتر سیکورٹی انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ عزاداران امام حسین (ع) بلخصوص امام بارگاہوں کے متولیان اور بانیان مجالس سے بھی اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ کیساتھ ہرممکن تعاون کریں۔ انہوں نے سینٹرل جیل پشاور میں قیدیوں کو عزاداری کی اجازت نہ دینے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس حوالے سے فوری طور پر نوٹس لے۔