وحدت نیوز (پاراچنار) جنر ل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخواشبیر ساجدی نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملہ بزدلانہ عمل ہے ۔ یہ حملہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے ۔ اس بزدلانہ کاروائی کا مقصد عمران خان کے قتل سمیت پاکستان میں خانہ جنگی افراتفری اور خونریزی تھا ۔یہ حملہ جہاں ناقص سکیورٹی انتظامات وہیں پنجاب پولیس اور حکومتی نااہلیوں کو بھی آشکار کرتا ہے۔ایک نشئی کو حملے کامرکزی کردارقرار دیکر اصل مجرموں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اشرافیہ کے غیر سنجیدہ اور ناقابل فہم رویے نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کر کھڑا کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے جہادی ، لشکری ، تکفیری شدت پسندوں کی پلاٹون بنانے والے آج عمران خان پر حملے سے خود کو بے قصور گردانتے ہیں ۔المیہ یہ ہے کہ ریاستی اکائیوں کے ذمہ داران سمیت سیاسی قائدین میں جرم کے اقرار کی جرات نہیں ہے ، سب گنہگار ہیں ۔ اقرار کریں یا نہ کریںانشاللہ سب ضمیر کے مجرم ضرور ہونگے ، ہاں جب تک اقرار جرم کی جرات نہ کریں مسائل حل نہیں ہوسکتے ہیں۔ہمیں مذہبی انتہا پسندی کا راستہ روکنا ہوگا نہیں تو ملک کو وہ نقصان پہنچے گا جس کا مداواممکن نہیں ہوگا ،یہ شدت پسندی خداناخواستہ شام وعراق کی طرح ملک کا نقشہ بدل کررکھ دے گی ۔ ملک کے حالیہ بحران و غیر یقینی صورتحال کا واحد حل فوری انتخابات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی مارچ پر حملے کے محرکات کا ایمانداری سے تعین کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ قاتلین سمیت تمام ملوث مجرموں کو قانوں کے گرفت میں لاکر کڑی سے کڑی سزا دینی چاہئے۔