وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے کہا ہے کہ خودمختار پاکستان اور آزاد خارجہ پالیسی کے حوالے سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو خیبر پختونخوا میں ہمارے مسائل حل کرنا ہوں گے، بصورت دیگر حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس علمائے شیعہ کے مرکزی رہنماء علامہ سید عبدالحسین الحسینی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی نائب صدور علامہ ارشاد علی اور سید اسد علی زیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
علامہ جہانزیب علی جعفری کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کوٹلی امام حسینؑ ڈیرہ اسماعیل خان کا مسئلہ فوری حل کرے، سانحہ کوچہ رسالدار دھماکہ کی تحقیقات مکمل کی جائیں، شاہوخیل ہنگو کے شیعہ متاثرین کے مسمار گھروں کو تعمیر کیا جائے اور ان متاثرین کو آئی ڈی پیز کا درجہ دیا جائے، اس کے علاوہ کرم کے زمینی تنازعات کو کاغذات مال کے مطابق حل کیا جائے۔