وحدت نیوز(پشاور) صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا علامہ جہانزیب علی جعفری نے لکی مروت میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے، واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ملک دشمن عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردوں کے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا ک قوم کی ڈھال بننے والے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پولیس ملکی امن کے لیے معاشرے میں فرنٹ لائن دفاع کا کردار ادا کرتی ہے، حکومت کو قوم کے محافظوں کی خاطر ٹھوس اور واضح اقدامات اٹھانے ہوں گے، دہشت گردی کی کاروائیوں کو روکنے کے لیے انکی باقیات اور کمین گاہوں کا خاتمہ بے حد ضروری ہے۔