وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات برادر سید عدیل عباس زیدی نے کہا کہ کہ صوبہ بھر میں کہیں بھی عزاداری سید الشہداء (ع) کو محدود کرنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت بالش خیل پارا چنار کا مسئلہ محرم الحرام سے قبل حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے زیر اہتمام پریس کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں انتظامیہ عزاداری کے جلوس کو محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہے، صوبہ بھر میں حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے ایسی کسی حرکت کو قبول نہیں کیا جائے گا، حکومت محرم الحرام میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے، تاہم سیکورٹی کے نام پر دیگر مکاتب فکر کو عزاداری سے دور کرنے کی کوشش نہ کی جائے، انہوں نے کہا کہ ملت تشیع انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ خیبر پختونخوا حکومت کا رویہ ہمیشہ محرم الحرام کے حوالے سے تسلی بخش رہا ہے، لہذا اس مرتبہ بھی حکومت کو مکمل تعاون کرنا چاہئے، انہوں نے بالش خیل پارا چنار کے معاملہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ محرم الحرام سے قبل اس مسئلہ کو حل کیا جائے، بصورت دیگر مقامی عمائدین کی مشاورت سے اس حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔