وحدت نیوز (بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے امام خمینی کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی بیان میں کہا کہ امام خمینی وہ عظیم محسن ہیں جنہوں نے ایران سے ڈیڑھ ہزار سالہ تاج شہنشاہیت کو کربلا سے درس حریت لیتے ہوئے روند ڈالا اور حکومت اسلامی کو قائم کرکے کربلا کی عملی تفسیر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم انقلاب اسلامی ایران کو دور جدید کے معرکہ حق و باطل سے تعبیر کرسکتے ہیں، امام خمینی نے صرف اور صرف روح اسلام اور بازوئے حیدری سے خیبر شہنشاہیت کے در کو اکھاڑ پھینک کر دنیا کے مظلوموں اور کمزوروں کے لیے مثال قائم کردی کہ حق والے اگر میدان میں ڈٹ جائیں تو یہود و سعود اور موساد و ساواک اور سی آئی اے کی سازشوں کو طشت از بام کرنا کوئی مشکل نہیں۔ انہوں نے امام خمینی کی وفات کے موقع پر کہا کہ ہمیں روح خمینی سے عہد کرنا چاہیے کہ ہم بھی نہتے ہیں اور امریکہ و اسرائیل سے لے کر ہندوستان اور طالبان جیسی شیطانی طاقتوں کے مد مقابل میں ہیں اور ہم بھی پاکستان میں خوف کے خیبر کو، دہشت گردی کے خیبر کو، بدامنی کے خیبر کو، استحصالی نظام کے خیبر کو اس طرح اکھاڑ پھینکیں گے جس طرح امام خمینی نے ایران میں ظلم و شہنشاہیت اور بربریت کے عظیم خیبر کو فتح کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ارادہ کر چکے ہیں کہ پاکستان میں موجود کمزوروں اور مستضعف لوگوں، مظلوموں اور محروموں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ ہم پاکستان میں جاری استحصالی شہنشاہی نظام کو اور امریکی ماموریت کو اس طرح روند ڈالیں گے جس طرح امام خمینی نے انقلاب اسلام برپا کرکے کیا۔ ہم پاکستان کے حقیقی محبوں اور مظلوموں کو مضبوط کریں گے۔ ہم پاکستان دشمن طاقتوں کے لیے وطن کی زمین تنگ کریں گے۔ دہشت گردوں، انتہاء پسندوں اور سی آئی اے، را کے ایجنڈوں پر کاربند قوتوں کے چنگل سے پاکستان کو آزاد کریں گے اور فلاحی اسلامی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، جہاں تمام مکاتب فکر اپنے اپنے عقائد کی روشنی میں زندگی بسر کر سکیں اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔