وحدت نیوز (کوٹلی) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی کاظم میثم نے یونیورسٹی اور کوٹلی آزاد کشمیر کے طلاب کی دعوت پر یکم نومبر کی مناسبت سے منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے طلاب کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے پرکھوں نے ڈوگروں سے آزادی حاصل کی اورثابت کیا کہ عزم و ارادہ ہو تو کوئی بھی خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا ماضی درخشاں تھا اور مستقبل کو درخشان بنانے کی ذمہ داری طلبا پر عائد ہوتی ہے۔ جس طرح کی بیداری اور جس طرح کا شعور یوتھ میں ہے اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہمارا مستقبل بھی انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہوگا اور درخشاں ہوگا۔ گلگت بلتستان سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صدر اور دیگر ذمہ داروں نے انکی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا۔