وحدت نیوز(مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام ولادت باسعادت مولائے کائنات علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے موقع پر ''جشن مولائے کائنات'' کا اہتمام کیا گیا، جس میں علمائے کرام اور طلاب کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جشن کی ابتداء قاری محسن نے تلاوت کلام پاک سے کی، قمر علی کشمیری نے نعت رسول مقبول کی سعادت حاصل کی، جشن میں علی جعفری نے منقبت سے سماں باندھ دیا، پروگرام کے مرکزی خطیب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید منور حسین نقوی تھے، جبکہ اس موقع پر عمران نقوی، حسن زیدی، مولانا الفت حسین جوئیہ، عابد حسین اکبری نے بھی خطاب کیا۔
رہنمائوں نے خطاب میں فضائل و مناقب امیر المومنین علیہ السلام بیان کیے، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید منور حسین نقوی نے کہا کہ ولایت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی طاقت دنیاوی طاقتوں کے مقابلے کہیں بڑی ہے، دشمن مادی طاقتوں پر اتراتا ہے جبکہ مومنین کے پاس ولایت علی علیہ السلام کی طاقت ہے، مولائے کائنات کے چاہنے والوں نے ہر مقام پر بڑی سے بڑی طاقت کو شکست فاش دی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یمن، شام، عراق اور لبنان میں عاشقان علی نے اپنی جرات اور طاقت کا اس طرح اظہار کیا کہ دشمن ششدر رہ گیا، ہمیں آج کے دور میں مولائے کائنات کی سیرت پر چلنے کی اشد ضرورت ہے۔