وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل سیدہ زہرا نقوی نے نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نرسنگ ایک مقدس پیشہ ہے۔اس شعبے سے منسلک خواتین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پورے حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔کورونا وبا کے پھیلاؤ کی موجودہ صورتحال میں طبی عملے کی یہ اراکین ہمیشہ صف اول میں نظر آتی ہیں جولائق تحسین ہے۔اس جرات مندی پر مذکورہ شعبے سے وابستے خواتین کو داد نہ دینا بددیانتی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم پر یہ فرض عائد ہوتاہے کہ قوم کی ان باوقار بچیوں اور بہنوں کا انتہائی احترام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو شعار بنانے والی خواتین کا مقام ہر معاشرے میں بلاشبہ بلندہے۔پاکستان میں نرسنگ کے فرائض منصبی ادا کرنی والی خواتین کو کم تنخواہ،مراعات کے فقدان اور محدود سہولیات کے باعث مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کے تناسب سے نرسوں کی تنخواہ میں اضافے کا اعلان کرے۔مالی تنگدستی ذہنی دباؤ کا باعث بنتی ہے اور ذہنی دباؤ میں رہتے ہوئے فرائض کی بجا ادائیگی ممکن نہیں۔