وحدت نیوز(کراچی) سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی کی زیر صدارت تین ماہ کے لئے مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی کی انتظامی اور تنظیمی آرگنائزنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا، کوآرڈینیٹر کے فرائض معروف اسکالر ، ذاکرہ و شاعرہ اہلبیت ؑ ڈاکٹر محترمہ ثروت عسکری اور ڈپٹی کوآرڈینیٹر کے فرائض محترمہ معصومہ ممتاز سرانجام دیں گی۔
اس موقع پر محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے خواہران سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کسی بھی الٰہی ہدف کی حصول و کامیابی کیلئےخواتین کا کردار اور ان کی مجاہدانہ صلاحیتوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا معاشرے کی اصلاح اور فلاح کا دارومدار خواتین کے دیندار اور تربیت یافتہ ہونے پر ہے کیونکہ معاشرے کے صالح اور دیندار افراد ان ہی کی گود سے پرورش پاتے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ خاتون کو خدا نے بے شمار صلاحیتوں کا حامل بنایا ہے لھذا ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین اپنی ان صلاحیتوں کو بروے کار لاتے ہوے دین اسلام کی خدمت سر انجام دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جناب زینب سلام اللہ علیھا سے عشق رکھنے والی خواتین کبھی اپنے فرائض سے غافل نہیں ہوتیں بلکہ میدان عمل میں مجاہدانہ کردار ادا کرتی ہیں بعد ازاں کمیٹی کے ارکان سے حلف لیا گیا۔
اس اجلاس میں طے پایا کہ آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر انتظام تین ماہ میں کراچی میں مختلف اضلاع اور یونٹز کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور تنظیمی امور ترتیب دیے جائیں گے ۔تین ماہ بعد ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کراچی کی سیکرٹری جنرل اور کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔