وحدت نیوز(اسلام آباد) ماہ عزا محرم الحرام کی آمد پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عزاداری مظلوم کربلا ہماری حیات ہے محرم ، عاشورہ اور مجالس عزا ہمارے لیے عظیم نعمت ہیں یہ عظیم نعمت، دلوں کو اسلام و ایمان کے ابلتے ہوئے چشمے سے متصل کرتی ہے شہادت حسین (ع) کے واقعہ پر جس قدر غور و فکر کیاجائے گا اسی قدر اس کے اعلیٰ مطالب روشنی میں آتے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں محرم الحرام اور عزاداری کے مواقع پر کافی عرصے تک کشیدگی پائی جاتی رہی اور شر پسند عناصر نے مجالس عزا اور جلوسوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی ہے موجودہ حکومتی ذمہ داران کو اس طرف متوجہ ہونا ہوگا اور نہ صرف ایسے فتنہ انگیز سازشیوں کا قلع قمع کیا جاے بلکہ بے جا ایف آئی آرز اور پابندیوں کے سلسلے کو بھی بند کیا جائے تاکہ تمام مسلمان امن و سکون کے ساتھ عزاداری مظلوم کربلا انجام دے سکین۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ امام حسینؑ کی ذات اور ان کے افکار اور تعلیمات، محبت، امن و سلامتی، وحدت، اتحاد و اتفاق، فکر حریت، جدوجہد، عدل و انصاف، حقوق العباد کی ادائیگی کا درس دیتے ہیں، لہٰذا لازم ہے کہ امام حسینؑ کو صرف عزاداری اور رسوم تک ہی محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کی سیرت پر بھی عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت میں فلاح و کامیابی حاصل کی جائے۔