وحدت نیوز(گلگت)دنیور گلگت میں منعقدہ یوم حسین علیہ سلام میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوے ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ گلگت کی نائب صدر محترمہ بی بی سلیمہ کا کہنا تھا کہ جب تک ہم حسینی کردار، گفتار اور اقدار کو نہ اپنائیں گے، تب تک ہم حسینی دعوے دار تو ہوسکتے ہیں لیکن حقیقی حسینی نہیں بن سکتے واقعہ کربلا دین کے تحفظ اور بقا کا ضامن ہے اور امام حسین علیہ سلام کے پیروکار ہونے کی حیثیت سے دین مبین کی خدمت کرنا ہم پر واجب ہے ۔
اس موقع پرمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی سابقہ سیکرٹری یوتھ محترمہ ساٸرہ ابراہیم اور خانم طاہرہ وزیر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا انہوں نے کہا کہ اسلام نے جہاں خواتین کے حقوق کی بات کی ہے وہاں ان کے کاندھوں پر عظیم ذمہ داریاں بھی عاٸد کی ہیں۔جو خواتین خود کو ذمہ دار سمجھتی ہیں وہ کردار زینبی سے غافل نہیں ہوسکتی۔انسانی معاشرے کی تشکیل اور امن وسکون میں ایک خاتوں کا اتنا ہی حصہ ہے جتنا ایک مرد کا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آج کی خواتین کربلا سے سبق لینا چاہتی ہیں تو کردار زینبی کا مطالعہ کریں کہ کس طرح حضرت زینب وام کلثوم نے عظیم مصاٸب و مشکلات کے باوجود شجاعانہ اور فاتحانہ انداز میں حسینی مشن کو آگے بڑھایا۔
کانفرنس کے اختتام پر سیکرٹری تربیت ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین گلگت محترمہ صائمہ بتول نے شہادت جناب سکینہ سلام اللہ علیھا کے عنوان سے مجلس عزا سے خطاب کیا ۔ بعد ازاں کانفرنس کی منتظم محترمہ صائمہ علی اور علاقے کی خواتین کے ساتھ ایک نشست ہوئ جس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے اغراض و مقاصد بیان کرنے کے بعد دنیور میں یونٹ کا قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا۔