وحدت نیوز(اسلام آباد)پانچ جمادی الاول میلاد شہزادی زینب کبری سلام اللہ علیہا کے موقع پر مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے کہا ولادت با سعادت عقیلہ بنی ھاشم جناب زینب بنت علی سلام اللہ علیھا کے پر مسرت موقع پر امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ شریف ، رہبر معظم سید علی خامنہ ای و تمام پیروان ولایت کی خدمت میں تہنیت و تبریک پیش کرتی ہوں ۔
خواہر امام حسین علیہ السلام سیدہ زینب اللہ علیہا وہ متفکر اور دانشور بی بی تھیں جو بلند قوت فکر رکھتی تھیں وہ کربلا کے واقعے میں اپنے بھائی حسین بن علی علیہ السلام کے ساتھ اور ان کے بعد قافلہ کے ہمراہ شام گئیں اور یزید بن معاویہ کے سامنے فصیح و بلیغ خطبہ ارشاد فرمایا جس نے امیر المومنین علیہ السلام کے خطبوں کی یاد دلا دی اور یزیدی ایوان و دربار کی بنیادوں کو ہلا کے رکھ دیا ۔
انہوں نے کہا اسوہ زینبی تمام خواتین کے لیے نمونہ عمل ہے دور حاضر میں ہماری ماوں بہنوں بیٹیوں کو جناب زینب کبری سلام اللہ علیہا کی عظیم الشان شخصیت کو رول ماڈل بنانا چاہئے تاکہ وہ دین اور دنیا کی عزت اور سعادت مندی حاصل کر سکیں۔