وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان اور انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی کے زیر اہتمام عید مبعث کی مناسبت سے مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں تقریب میں متاثرین سیلاب کے 76 مکانات کی تعمیر کے پہلے مرحلے کے 11 گھروں کی دوسری قسط ادا کی گئی۔
اس موقع پر 21 مساجد کی تعمیر و مرمت کے کام کا آغاز کیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی اور صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی نے متاثرین میں امدادی رقم تقسیم کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے سہولت کار کا کردار امن دشمن اقدام ہے فرقہ وارانہ نفرتوں کے سوداگر ایک متعصب شخص کو وزارت مذہبی امور جیسی اہم وزارت زیب نہیں دیتی حکومت اور ریاستی اداروں کی سرپرستی میں ملک میں ایک مرتبہ پھر فرقہ وارانہ ماحول بنایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مستحقین متاثرین سیلاب کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتی ہے۔ ہم انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے بلوچستان کے متاثرین کی مدد کی۔تقریب میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنما مولانا محمد علی جمالی، مولانا ثناء اللہ، سید شاہد حسین شاہ، غلام حسین شیخ، علامہ سیف علی ڈومکی ،مولانا منور حسین سولنگی و دیگر شریک ہوئے۔