وحدت نیوز(نوشکی) تفتان بارڈر کے علاقے میں ایران سے آنے والے زائرین بس سے اتر کر ہوٹل جارہے تھے کہ مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے بعد حملہ آوروں نے ہوٹل پر قبضہ کرلیا ۔فائرنگ کے نتیجے میں 30سے زائد زائرین جاں بحق ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق 3 سے 4 نقاب پوش حملہ آوروں نے زائرین کے قافلے پر فائرنگ کی اور پھر دستی بم بھی پھینکے جس کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے زائرین کے ہوٹل میں داخل ہوگئے۔ شرپسندوں کے حملے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔شہید و زخمی ہونے والے زائرین کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کے شہداء کے جسد خاکی الصبح کوئٹہ پہنچیں گے، میدانی علاقہ ہونے اور بجلی کی سہولت نہ ہونے کے سبب امدادی کاروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی کے مطابق زائرین کو نشانہ بنانے والے حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد ہوٹل پر قبضہ کیا جہاں مورچہ بند مسلح ملزمان سے سیکیورٹی فورسز کا فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین، جعفریہ الائنس اور تحفظ عزاداری کونسل کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔