وحدت نیوز(لاہور) ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ مولانا محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کیے بغیر مستقبل میں بھی ملک کو دہشت گردی سے پاک نہیں کیا جا سکتا، عاشورہ کے موقع پر دہشت گردی کا واقعہ رونما ہونا انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سستی اور کاہلی اور نااہلی کا نتیجہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں افسوسناک واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہیے اور سانحہ میں ملوث ملزمان کو کسی صورت میں رعایت نہ دی جائے، جب تک قالین کے نیچے چھپے گند کو صاف نہیں کیا جائے گا اس وقت کا اسلامی جمہوریہ پاکستان سے دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مزید کہا اہل سنت پرامن ہیں لیکن باقی مسالک کے لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے کارکنوں کو ہوش کے ناخن دیں کہ ملکی حالات کس سمت جا رہے ہیں اور کالعدم تنظیموں کے رہنما ملک کو کس سمت لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ علامہ محمد راغب حسین نعیمی کا مزید کہنا تھا کہ جب تک کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا نہیں جائے گا اس وقت تک ملک میں جاری دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔